اسلام ٹائمز۔ ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام شہر کراچی میں عید غدیر یوم تکمیل دین و ولایت علیؑ ابن ابی طالبؑ کی مناسبت سے ’’ولایت اہلبیتؑ اور مبلغین کے وظائف‘‘ کے عنوان سے سیمینار و سپموزیم منعقد کیا گیا۔ کتاب خانہ امام خمینیؒ سولجر بازار میں منعقدہ سیمینار کی نظامت مولانا شیخ علیم رحمانی نے کی۔ سیمینار سے مولانا شیخ محمد حسین رئیسی نے یوم تکمیل کے موضوع پر گفتگو کی، جبکہ مولانا سید عمید عسکر کاظمی نے غدیر کی مناسبت سے ’’اثبات ولایت امیر المومنینؑ در منابع اہلسنت‘‘ کے عنوان پر گفتگو کی۔ مولانا سید علی مرتضیٰ زیدی نے علما کے وظائف کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں سپموزیم منعقد ہوا، جس کے میزبان مولانا سید صادق رضا تقوی تھے۔ مہمانوں کے پینل میں آیت اللہ شیخ محمد سلیم، مولانا سید سجاد رضوی، مولانا ڈاکٹر حسن شگری اور مولانا سید مظہر عباس زیدی شامل تھے۔ مہمانان گرامی نے بالترتیب علما، تربیت و مدارس، ثقافت و دین، بچوں کیلئے تربیتی نظام، سوشل میڈیا، تحقیق اور جدید علوم کی جانب توجہ، اسلامی بینکاری، فقہ المعاملات اور اقتصادی میدانوں کی جانب علماء کی توجہ سمیت جدید تعلیم کے اہتمام پر سوالات کے جوابات دیئے۔ پروگرام کا اختتام دعائے امام زمانہ عجل اللہ فرجہ سے ہوا۔