0
Thursday 19 Jan 2023 19:52

بلوچستان کی مالی مشکلات کے حل کیلئے صادق سنجرانی کا اسحاق ڈار سے رابطہ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی

بلوچستان کے مالی بحران کے خاتمے کی امید پیدا ہو گئی۔ وفاقی وزیر خزانہ إسحاق ڈار نے صوبہ بلوچستان کو واجبات کی ادائیگی کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ بلوچستان میں مالی بحران شدت اختیار کرنے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو حل نکالنے کیلئے آگے آنا پڑ گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر خزانہ إسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں بلوچستان کے مالی بحران سے متعلق آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے چیئرمین سینیٹ کو یقین دہانی کرائی کہ صوبہ بلوچستان کے واجبات آج ہی ادا کر دیئے جائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی متعدد بار وفاق کو صوبے کے مالی بحران کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے اپنے بیان میں بھی خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے یہ تک کہہ دیا کہ حکومت بلوچستان کے پاس اتنے پیسے بھی موجود نہیں کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کر سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو متعدد بار صوبے کے مالی بحران سے متعلق آگاہ کر چکا ہوں، مگر وفاق ہمیں سنجیدہ نہیں لے رہی ہے۔ وفاق کی سنی ان سنی کی پالیسی باعث تعجب ہے۔ حکومت بلوچستان اپنے ملازمین کی تنخواہیں بھی اد اکرنے کے قابل نہیں رہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید سردی میں سیلاب متاثرین بحالی کے منتظر ہیں۔ ہمیں ہمارا شیئر مل جائے اپنے متاثرین کو خود سنبھال سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کی ٹیموں کے ہمراہ کوئٹہ آکر خود بلوچستان کے مالی بحران کا جائزہ لیں۔ صوبے کو مشکلات سے نکالنے کے لئے وفاق نے اعلانات تو کئے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہی رویوں سے احساس محرومی جنم لیتی ہے۔ بارہا ہم نے کہا کہ بھیک نہیں این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا شئیر دیا جائے، تاخیر سے معاملات مزید خراب ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے بعد بلوچستان کا مالی بحران ختم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ٹیلیفون پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وفاق مالی طور پر صوبے کا تعاون کرے گی۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/
خبر کا کوڈ : 1036465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش