1
Friday 18 Nov 2022 21:34

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء، کراچی میں ایئر شو کا انعقاد

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس ایم عابدی

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کی مناسبت سے سی ویو کراچی پر ایئر شو کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے پائلٹس نے لڑاکا طیاروں کے ذریعے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا جبکہ پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے پیشہ ورانہ صلاحیت اور سی 130 طیارے سے ہزاروں فٹ کی بلندی سے فری فال پیرا جمپ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کے تسلسل میں نشان پاکستان سی ویو پر ایئر شو کا انعقاد کیا گیا، پاکستان نیوی میرینز کی جانب سے اسپیشل گن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس کے دوران پیشہ ورانہ مظاہرہ پیش کرنے والے میرینز نے بھاری بھرکم ہتھیاروں کو مختلف زاویوں کے دوران انتہائی برق رفتاری سے ساتھ موجود دیگر میرینز کو منتقل کیا جبکہ ایک موقع پر بیک وقت دو گنز کو دائرے کی شکل میں مہارت سے گھمانے کا مظاہرہ بھی کیا، جس کو حاضرین کی جانب بڑی پذیرائی ملی۔ پاک بحریہ کے میرینز اور اسپیشل فورسز کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے خصوصی مظاہرے کے دوران پیشہ ورانہ تربیت کا زبردست مظاہرہ کیا گیا جبکہ تینوں مسلح افواج کے مشترکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیمو، فلائی پاسٹ، ٹرائی سروسز اسٹیٹک اور فری فال پیرا جمپ، بیچ اسالٹ سمیت دیگر مظاہرے بھی دکھائے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ایئر شو میں شرکت کی۔ تینوں مسلح افواج کے اسپیشل سروسز گروپ کی جانب سے کئے جانے والے مظاہرے میں بری، بحری اور فضائی اثاثوں سی کنگ، زولو بوٹس، اسپیڈ بوٹس اور ہور کرافٹ نے حصہ لیا۔ مظاہرے کے دوران کمانڈوز سی کنگ ہیلی کاپٹرز سے رسوں کی مدد سے ساحل پر اترے۔ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے مختلف مظاہرے پیش کئے اور فضاﺅں میں فلیئرز چھوڑے۔ اس دوران پائلٹس کی مہارت کو دیکھ کر حاضرین نے تالیاں بجاکر انہیں داد دی۔ کراچی کے شہری بھی ان یادگار لمحات کو اپنے موبائل کیمروں کے ذریعے محفوظ کرتے رہے۔ اس موقع پر خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاک افواج کی صلاحیتوں کا پیشہ ورانہ مظاہرہ دیکھ کر خوشی ہوئی، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاکستان کے دفاع کیلئے پر عزم ہے، اس طرح نمائش اور تیاری امن کی ضمانت ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1025321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش