اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے، جس کے تحت امریکا کو اقوام متحدہ کے کئی اداروں، بشمول اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کے لیے فنڈنگ روکنے کی دستاویز پر بھی دستخط کیے۔
ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق امریکا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور فلسطینیوں کے لیے قائم اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا سے دستبردار ہو رہا ہے جبکہ امریکا اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (UNESCO) میں اپنی شمولیت پر نظرِثانی کرے گا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی مالی معاونت کا بھی وسیع پیمانے پر جائزہ لیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینیوں کے پاس غزہ چھوڑنے کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں، دیکھنا چاہتا ہوں کہ مصر اور اردن فلسطینیوں کو قبول کریں گے۔ ڈونڈٹرمپ نے کہا کہ ضروری نہیں کہ غزہ میں اسرائیلیوں کی آباد کاری کی حمایت کروں۔