اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس الحق لون نے کہا ہے مذہبی و سیاسی سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی فہرست تیار ہو رہی ہے جن کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔ استور کے امن کو سبوتاژ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا، چاہے وہ کسی بھی فرقے سے تعلق رکھتے ہوں، حکومت کی رٹ ختم ہوئی ہے نہ ہی کمزور ہوئی ہے،حکومت ایک پہاڑ ہے جو پہاڑوں کو چیر کر ٹنل بھی بناتی ہے۔ استور میں ڈپٹی کمشنر محمد طارق اور ایس پی وزیر نیک عالم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شمس الحق لون نے کہا کہ گزشتہ 5 دنوں سے استور کے مختلف مقامات پر چوک بلاک کرکے احتجاج کیا جا رہا تھا کہ پریشنگ میں عبد الرزاق نامی شخص نے گستاخی کی ہے تاہم اس کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی ہے اور اس کی گرفتاری بھی ہوگی، قانون اور آئین سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے، استور پر امن ضلع ہے، بدامنی نہیں پھیلانے دیں گے، کوئی یہ سمجھتا ہے سٹیٹ کی رٹ ختم ہوئی ہے یا کمزور ہوئی ہے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے، حکومت ایک پہاڑ کا نام ہے جو پہاڑوں کو چیر کر ٹنل بھی بناتی ہے، حکومت اپنے طریقے سے کام کرتی ہے، لوگ سرکار کی پالیسی کو کمزوری ہرگز نہ سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ استور سمیت پورے گلگت بلتستان میں جہاں جہاں قانون کی رٹ کو چیلنج کیا جائے گا ان کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ الحمد للہ استور کے دونوں مسالک کے علماء کرام اور عمائدین کے تعاون سے دھرنا موخر کیا گیا ہے، جب تک ملزم گرفتار نہیں ہوتا انتظامیہ اپنا کام کر رہی ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ چاہے پریشنگ کا واقعہ ہو یا کوئی اور جن لوگوں کے خلاف ایف آئی آرز ہوئی ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور جو سرکاری ملازمین مذہبی، سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان کی حتمی لسٹ تیار کرنے کے بعد ان کے خلاف بھی سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا جو لوگ مذہبی فسادات کے ذریعے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے تھے آج ان کو منہ کی کھانی پڑی ہے، دونوں مسالک کے علماء، عمائدین اور عوام کے درمیان ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کھڑے ہیں، وقت بتائے گا کس نے کیا کیا ہے۔