0
Sunday 2 Feb 2025 09:42

ایران کے سیاحتی وفد کا دورۂ لاہور، پاک ایران سیاحتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

ایران پاکستان کیساتھ سیاحتی تعاون کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا، ڈاکٹر اصغر مسعودی
ایران کے سیاحتی وفد کا دورۂ لاہور، پاک ایران سیاحتی تعاون کے فروغ پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے محکمہ سیاحت، ثقافتی ورثہ اور دستکاری کے منیجنگ ڈائریکٹر سید جواد موسوی کی قیادت میں ایران کے 10 رکنی سیاحتی وفد نے لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، لاہور میں پاکستان کی معروف سیاحتی کمپنیوں کے سربراہان کیساتھ ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وفد نے پاکستانی سیاحوں کیلئے ایران میں دستیاب سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی اور زیارت، طبی سیاحت، کھیل، تعلیم اور عمومی سیاحت کے شعبوں میں ایران کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و سیاحتی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران، ڈاکٹر اصغر مسعودی نے اپنے خطاب میں لاہور اور مشہد کے سسٹر سٹیز ہونے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایران پاکستان کیساتھ سیاحتی تعاون کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ انہوں نے لاہور کو پاکستان کی ثقافتی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر بے شمار تاریخی اور سیاحتی مواقع سے مالامال ہے، جبکہ مشہد زیارتی، سیاحتی اور طبی سہولیات کے لحاظ سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں شہروں اور ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کے فروغ سے نہ صرف عوامی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ دوطرفہ تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے، جو دونوں اقوام کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ ایرانی وفد میں محکمہ سیاحت کے منیجنگ ڈائریکٹر سید جواد موسوی کے علاوہ ہوٹل ایسوسی ایشن کے سربراہ مادرشاہیان، سپہران ائیرلائن کے سربراہ سعید ولیزادہ اور ایران کے دیگر نمایاں سیاحتی ماہرین شامل تھے۔

پاکستانی سیاحتی وفد کی قیادت شایان ٹریولز کے طاہر خان نے کی، جبکہ وفد میں ملک کی معروف سیاحتی کمپنیوں کے سربراہان بشمول زاہد انور، قیصر الہی جعفری، سید حسن رضا، طارق سراج، محمد علی اور حسن مسعود میرزا شامل تھے۔ اس موقع پر سید جواد موسوی نے لاہور کی سیاحتی شخصیات کو ایران کے دورے کی دعوت دی اور اعلان کیا کہ لاہور میں ایران کے نامور شاعر حکیم فردوسی کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نے یہ خوشخبری بھی دی کہ بہت جلد ایران کی سپہران ائیرلائن پاکستان کے بڑے شہروں سے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی، جو دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنائے گی۔
خبر کا کوڈ : 1188092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش