اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیراہتمام ایک کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر سفارتی دبائو بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی زیرقیادت کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور کشمیری عوام کو انصاف دلانے کے لیے عالمی کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مقررین نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے اور کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے، مسلسل عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مقررین نے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کی وکالت کرنے کے لئے مقامی برطانوی رہنمائوں کے عزم کا اعادہ کیا اور برطانوی حکومت کو پارلیمانی مباحثوں اور سفارتی بات چیت میں کشمیر پر مزید فیصلہ کن موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں ہفتہ یکجہتی کشمیر کے آغاز کا اعلان کیا گیا جو برطانیہ میں 2 فروری سے 11 فروری 2025ء تک منایا جائے گا۔ ہفتہ یکجہتی منانے کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو ٹھوس اقدامات کے لئے آمادہ کرنا اور برطانیہ بھر کی کمیونٹیز کو یکجہتی کشمیر کے لیے متحرک کرنا ہے۔ کانفرنس کا اختتام تمام حاضرین کی طرف سے اس عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ قومی اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی وکالت جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ مسئلہ انسانی حقوق کے عالمی ایجنڈے میں سرفہرست رہے۔