اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مجوزہ وقف ترمیمی بل کو غیر آئینی اور آمرانہ قرار دیتے ہوئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو پر زور دیا ہے کہ وہ اس کی مخالفت کریں۔ ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے مودی حکومت کے دو اہم اتحادیوں سے اپیل کی کہ وہ اس بل کو روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بل کی منظوری سے بھارت کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ بل وقف ایکٹ کے بنیادی مقصد کے منافی ہے جو وقف املاک کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بل کے حوالے سے حزب اختلاف کے تحفظات کو نظرانداز کر دیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ بھارتی آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔