اسلام ٹائمز۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے سوشل میڈیا پر ای وی بسوں کے حوالے سے کیے گئے ٹوئٹ پر ردعمل میں شدید تنقید کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جواب میں پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن سے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی ہے آج کل آپ لوگ اتنے غیرمحفوظ کیوں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تاجروں کی مذاق میں کی گئی گفتگو پر ان کو بلا کر جھاڑ پلانا اور اب یہ۔؟ ویسے اورنج لائن، تین میٹروز، سپیڈو بسوں اور الیکڑک بائیکس کے بعد الیکٹرک بسیں اگلا قدم ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے حکومت سندھ کی کارکردگی پر تبصرہ کیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویسے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اصل صورت حال اور کہانی پھر سہی۔ خیال رہے شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ پنجاب میں نہیں بلکہ سندھ میں پہلے الیکٹرک بسیں چلی ہیں جبکہ مریم نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں الیکٹر بسوں کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔