اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان نے مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف بلوچستان بھر میں 31 جنوری کو احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی بلوچستان ترجمان نے کہا کہ مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کی کال پر مہنگائی و مہنگی بجلی کے خلاف جمعہ کو بلوچستان بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام بڑے شہروں کے پبلک مقامات پر جلسہ و مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ ان احتجاجی جلسوں، مظاہروں اور احتجاج میں شرکت کرکے حکمرانوں کو لوٹ مار، بدعنوانی سے رکھوانے اور حقوق کے حصول، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے پر مجبور کریں۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے امرائے اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ 31 جنوری جمعہ کے دن ہر ضلع میں بھرپور احتجاج کو کامیاب بنائیں۔