اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ کشمیریوں کی بھرپور وکالت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری انوار الحق نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کلمہ کی بنیاد پر اور آئین پاکستان کی رو سے بھی ایک رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مداخلت کا واویلا پاکستان کے خلاف بھارت کا محض پروپیگنڈہ ہے۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نیوکلئیر پروگرام اور مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیانیے کی جنگ کا دور ہے اور بھارتی ایجنسیوں نے آزاد جموں و کشمیر میں بیانیے کی جنگ کو فروغ دینے کے لیے اربوں روپے خرچ کئے ہیں تاکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو کمزور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے الحاق پاکستان کے نظریہ کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ 5 اگست 2019ء کے بھارت کے یکطرفہ اقدام کے بعدپاک فوج کے موجودہ سربراہ کے پہلے بیان نے مسئلہ کشمیر پر چھائی دھند کو صاف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کشمیریوں کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف مسلح جدوجہد کریں، آزادی کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔