0
Wednesday 29 Jan 2025 10:34

عالمی برادری کشمیریوں سے حق خودارادیت کا اپنا وعدہ پورا کرے، غلام محمد صفی

عالمی برادری کشمیریوں سے حق خودارادیت کا اپنا وعدہ پورا کرے، غلام محمد صفی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ جب تک بھارت کے ناپاک قدم مقبوضہ جموں و کشمیر سے نہیں اکھڑ جاتے، حق خودارادیت کی تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے ایبٹ آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے کشمیریوں سے حق خودارادیت کا وعدہ کر رکھا ہے اور اس کے پورا ہونے تک بھارت کے خلاف ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 10لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود بھارت ”نارملسی” کا راگ الاپ کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر اور طاقت کے بے تحاشہ استعمال کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے پائے استقلال میں لغزش نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت قتل و غارت اور لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر کے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور وہ علاقے کی مسلم اکثریت کو غیر قانونی اقدامات کے ذریعے اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔

انہوں نے بھمبر آزاد کشمیر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خطاب کا خیر مقدم کرتے کہا کہ ہم ان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقی صورتحال اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل غلام محمد صفی نے ایک وفد کے ہمراہ الخدمت فائونڈیشن ایبٹ آباد میں امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد عبدالرحمان عباسی اور ان کے رفقاء سے ملاقات کی۔ وفد میں حریت رہنما راجہ خادم حسین، داوود خان یوسفزئی اور زاہد اشرف بھی شامل تھے۔ وفد نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1187286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش