اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن فہد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن فہد کے انتقال کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا، شہزادہ محمد بن فہد مرحوم شاہ فہد بن عبدالعزیز مرحوم کے صاحبزادے اور مشرقی صوبہ کے سابق گورنر تھے، شہزادہ محمد بن فہد مرحوم کی سعودی عرب اور عوام کے لئے شاندار خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے پاکستانی عوام کی طرف سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ اظہار تعزیت کیا، وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی خاندان کے ارکان اور سعودی عوام کے ساتھ بھی اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے آمین۔