0
Wednesday 29 Jan 2025 10:14

پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر کی پنجاب کیطرف تمام راستے بند اور اسلام آباد لانگ مارچ کی دھمکی

پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر کی پنجاب کیطرف تمام راستے بند اور اسلام آباد لانگ مارچ کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے نئے صدر جنید اکبر خان نے وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہےکہ پنجاب کی طرف تمام راستے احتجاجاً بند اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں جنید اکبر کا کہنا تھا کہ ہمیں لگ رہا ہے کہ مذاکرات کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔ ان سے سوال کیا گیاکہ آپ کو عہدہ دینے کا مقصد ہے اب کوئی مذاکرات نہیں مسئلہ سڑکوں پرحل ہونا ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ جی بالکل۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایف آئی آرز بھی وہاں کاٹتے ہیں جہاں سردی ہو اور بستر بھی نہیں دیتے تھے، میں نے صرف ایک پیغام دیا تھا کہ اگر مجھے توڑا تو زندہ گھر نہیں جاسکوں گا، جیل میں سونے نہیں دیا جاتا تھا ہر تھوڑی دیر بعد تصویریں کھینچی جاتی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی میں سب سے زیادہ محنت کی۔

جنید اکبر کا کہنا تھاکہ 8 فروری صوابی جلسے کیلئے ایم این ایز کو اعتماد میں لوں گا زیادہ جذبے سے نکلیں گے، ہم نے پہلے شیخ وقاص کا نام پی اے سی دیا تھا ان کے نام پر حکومت کا اعتراض تھا، اعتراض کے بعد پی اے سی کے لیے بانی پی ٹی آئی نے میرا نام دیا۔ پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر نے کہا کہ اس ہفتے کے پی کابینہ میں کچھ لوگ کم ہو جائیں گے، دو نئے شامل کریں گے، ہم تنظیم ری اسٹرکچر کریں گے ہارڈ لائنر لوگ سامنے آئیں گے، تحریک انصاف میں ہومیو پیتھک قیادت کو سائیڈ پر کیا جائے گا، ہم پہلے رابطہ کرکے نکلتے تھے اب بغیر رابطے کے نکلیں گے۔ احتجاج کے حوالے سے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ مختلف آپشن ہیں کہ ہم 8 فروری کو ڈسٹرکٹ سطح پر احتجاج کریں، ہمارے پاس نکلنے کا آپشن بھی ہے اور ایک آپشن اسلام آباد کا ڈی چوک کا بھی ہے، ہمارے پاس یہ بھی آپشن ہے کہ خیبر پختونخوا کی اہم شاہراہیں بند کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے آج پیغام دیا ہے کہ ہمیں اس حکومت اور وزیراعظم سے بہت آگے سوچنا ہے، یہ چیزیں میں بھول گیا ہوں کہ مجھے وزیراعظم بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین اور کارکنوں میں سے کسی کو یہ نہیں توڑ سکے،  جو پارٹی چھوڑ کر گئے یہ کہیں اور سے کسی اور کے کہنے پر آئے تھے، ہمیں پتا حکومت پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کی کوشش کر رہی ہے اوریہ بھی پتا ہے کہ کون کون لوگ ہیں کس کے کس کے ساتھ رابطے ہیں اور کس کے ساتھ پیسوں پر بات ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کافی غلطیاں کیں اس لیے بھگت رہے ہیں جو 20 سے 22 لوگ ہم سے گئے ہمارے رویوں کی وجہ سے گئے، ہماری حکومت میں اداروں کی مداخلت بہت زیادہ تھی،بانی پی ٹی آئی 2025 میں رہا ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا دیا تھا اور ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا۔
خبر کا کوڈ : 1187285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش