اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے 25 اضلاع کے 50 وارڈز کی جنرل نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ صبح آٹھ بجے سے کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ بلوچستان کے اضلاع ژوب، لورالائی، قلعہ سیف اللّٰہ، مستونگ اور پنجگور کی 4، 4 جبکہ کوہلو اور کچھی میں 3، 3 جنرل نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔ اس کے علاوہ پشین، شیرانی، ہرنائی، خضدار، سوراب اور لسبیلہ میں 2، 2، جبکہ چاغی، خاران، واشک، بارکھان، سبی، نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، قلات، حب، کیچ اور گوادر میں 1، 1 نشست پر پولنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 50 جنرل نشستوں پر 167 امیدوار مدمقابل ہیں۔ 25 اضلاع میں 60 پولنگ اسٹیشن اور 138 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ ضمنی بلدیاتی انتخاب کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 43784 ہے۔