اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پولیس موبائل کی جگہ بلٹ پروف گاڑیوں کا بندوبست کر رہے ہیں۔ پولیس ٹریننگ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہمارا بارڈر خطے کے لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے، جوانوں کی قربانیاں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری فورسز اتنی قابل ہیں کہ انہوں نے سپرپاور کو شکست دی ہے، شہداء کا کوٹہ سسٹم بحالی و دیگر مراعات کو صوبائی حکومت نے پہلی فرصت میں حل کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس افسران کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں دے رہے ہیں، پولیس کی ٹریننگ 9 ماہ کے بجائے 90 دن کرنے کی پالیسی بنا رہے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت جلد ٹریننگ سکول کی تمام سہولیات مہیا کرے گی، شہداء کی فیملیز کا خیال رکھیں گے تاکہ جوانوں کے حوصلے بلند ہوں۔