0
Friday 18 Oct 2024 20:17

مطالبات تسلیم، جامعہ کراچی کے طلبا نے احتجاج ختم کر دیا

مطالبات تسلیم، جامعہ کراچی کے طلبا نے احتجاج ختم کر دیا
اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی کے طلبہ کا احتجاج شیخ الجامعہ کراچی کی یقین دہانیوں کے بعد ختم کر دیا گیا، طلبہ الائنس کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے 14 میں سے 11 مطالبات تسلیم کر لئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں گزشتہ 8 روز سے طلبہ زائد فیسوں، انفرااسٹرکچر کی تباہ حال صورتحال اور پوائنٹ بسوں کی قلت سمیت دیگر مسائل کے خلاف سراپا احتجاج تھے، انتظامیہ نے طلبہ کے درپیش مسائل حل کرنے کیلئے مطالبات منظور کر لئے،  طلبہ الائنس نے آٹھویں روز اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور طلبہ کے درمیان مذاکرات چوتھے دور میں کامیاب ہوئے، شیخ الجامعہ کراچی نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ لیٹ فیس کو 50 فیصد  سے کم کرکے 10 فیصد کر دیا گیا ہے، ری ایڈمیشن فیس اب طلبہ سے نہیں لی جائے گی، طلبہ و طالبات کو فیس نہ بھرنے پر امتحان میں بیٹھنے سے نہیں روکا جائے گا البتہ نتائج کا اجراء فیس جمع ہونے پر ہی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوائنٹس میں اضافے کیلئے میئر کراچی اور وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کو خطوط بھیجے جائیں گے اور آئندہ تعلیمی سیشن سے ایوننگ کے پوائنٹس میں 10 فیصد اضافہ کر دیا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی کے مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ شیخ الجامعہ نے مزید یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی میں طلبہ تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، خستہ حال کلاس رومز میں کلاسز نہیں لی جائیں گی اور ڈین آف فیکلٹیز  کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔ شیخ الجامعہ کراچی کی یقین دہانیوں کے بعد طلبہ الائنس نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ طلبہ الائنس کے تحت احتجاج میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اسلامی جمعیت طلبہ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور گزشتہ دو روز سے تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل تھیں۔
خبر کا کوڈ : 1167212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش