اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ راہیان کربلا کنونشن جماعت کے مرکزی سربراہ کے اعلان کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، کنونشن کے تیسرے روز خفیہ رائے شماری کے ذریعے اراکین شوریٰ عمومی نے اکثریت رائے سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو جماعت کا سربراہ منتخب کرلیا۔ نومنتخب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے شوریٰ عالی کے سربراہ علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے حلف لیا۔ شوریٰ عالی کی جانب سے شوریٰ مرکزی کے سامنے جماعت کے سربراہ کے لیے تین نام پیش کئے گئے، جن میں علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ سید باقر زیدی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری شامل تھے۔ شوریٰ مرکزی نے اکثریت رائے سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو چوتھی بار ایم ڈبلیو ایم کا سربراہ منتخب کیا۔ دریں اتحاد و وحدت کے نام سے ایک عظیم الشان کانفرنس بھی ہوئی جس میں جماعت اہلحدیث کے امیرضیا اللہ شاہ بخاری، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیرزبیر نے شرکت کی اور خطابات کیے۔