اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو بلوچستان سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل اور عوام کو ان کے حقوق دینے ہوں گے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان کے تحت کراچی پریس کلب میں ”بلوچستان کے سلگتے ہوئے مسائل اور ان کا حل“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کو بلوچستان کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل اور بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دینے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو عزت اور ان کے حقوق دیئے جائیں تو یہ اور زیادہ محب وطن ثابت ہوں گے، بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے بلوچستان کی حقیقی قیادت سے بات کرنا ہوگی، بلوچستان کی اسمبلی میں بیٹھے ہوئے عوام کے نمائندے نہیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کے کمیشن کو فعال کیا جائے، طاقت کا استعمال بند اور لاپتا افراد کو بازیاب کروایا جائے، اگر کوئی دہشتگرد یا مجرم ہے تو اس کا آئین اور قانون کے مطابق اور عدالتوں کے ذریعے فیصلہ کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کسی بھی آئین میں یہ موجود نہیں ہے کہ لوگوں کو پکڑ کر لاپتا کر دو، بلوچ قیادت کا ہم کراچی پریس کلب میں خیر مقدم کرتے ہیں اور جماعت اسلامی بلوچستان کے حقوق کیلئے پورے ملک میں آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ، پشاور اور اسلام آباد میں بھی مقدمہ لڑے گی۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، حکومت عدالت، فوج سب کو آئین اور قانون پر عمل کرنا ہوگا، وہاں کے مسائل حل ہو جائیں تو 3 ماہ میں خود بلوچستان کے عوام اپنے صوبے کا دفاع کریں گے اور ملک ترقی کرے گا۔
مرکزی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو ضروریات زندگی کی سہولیات فراہم کی جائیں، سی پیک میں بلوچستان کا حصہ اور عوام کو گیس مہیا کی جائے، بلوچستان واحد صوبہ ہے جو پورے ملک کیلئے سولر انرجی کا انتظام کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجود منرلز کو چند سرداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس سے حکمران فائدہ اٹھا رہے ہیں، حکمرانوں کی نظر معدنی خزانوں پر تو ہے لیکن وہ عوام کو عزت اورحقوق نہیں دیتے۔ حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سے ملنے والے منرلز میں سے 20 فیصد حصہ بلوچستان کے عوام کو دے دیا جائے تو صوبہ بھی ترقی کرے گا اور پاکستان بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی تک موٹر وے موجود نہیں، جس کے باعث سالانہ 8 ہزار لوگ حادثات کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔