اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی قیادت میں پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین سید جواد حسین کاظمی کے ہمراہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک افغان سرحدات خرلاچی، طورخم، غلام خان اور انگور آڈہ پر تاجروں کو درپیش مشکلات و بنیادی سہولیات کے فقدان، دو طرفہ باہمی تجارت کے فروغ سمیت تجارتی بارڈر خرلاچی اور کرم کے امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پاک آفغان سرحد خرلاچی پر افغانستان کی جانب سے سبزی و فروٹ کی گاڑیوں کو اجازت اور لوکل مارکیٹ تک رسائی کیلئے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے وفد کو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں امن و امان کی تازہ صورتحال سمیت حکومت پاکستان کی جانب سے جاری دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں بارے گفتگو میں افغان سفیر کو ان شدت پسند عناصر جو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں، کو افغان سر زمین استعمال سے روکنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔