اسلام ٹائمز۔ مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی جی ڈی پی مالی سال 2025ء کے لیے 3.2 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کر دی ہے۔ پاکستانی جی ڈی پی پر ردعمل دیتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ شہباز شریف اور پی ڈی ایم حکومت میں جی ڈی پی شرح مالی سال 2023 میں منفی 0.2 فیصد رہی ہے جبکہ مالی سال 2024 میں 2.5 فیصد اور 2025 میں 3.0 فیصد کی پیروی کر رہے ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت میں جی ڈی پی مالی سال 2022 میں 6.18 فیصد اور 2021 میں 5.77 فیصد تھی جبکہ 2020 میں کرونا وائرس کی وجہ سے منفی 0.94 فیصد رہی تھی۔ مشیر خزانہ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ملک میں کساد بازاری ہے، موجود حکومت میں معیشت خون کی کمی کا شکار ہے۔