اسلام ٹائمز۔ عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مذاکرات کہیں اور ہوں گے حکومتی مذاکراتی کمیٹی اس کی توثیق کرے گی۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست اقتدار کیلئے گروی رکھ دی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی غلطی یہ ہے کہ اقتدار چھوڑنے کے بعد اسٹیبلشمنٹ سے لڑ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کی بالادستی کیلیے جدوجہد کرنی چاہیئے، موجودہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، یہ ایک میٹنگ تک نہیں کروا سکتی تو مینڈیٹ کا اندازہ لگا لیں۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی سمت بدلنی ہے اور عوام سے پوچھے بغیر ممکن نہیں، سمجھتا ہوں ہمیں ایک ڈیڑھ سال میں الیکشن کی طرف جانا ہوگا، پی ٹی آئی آئین کی حکمرانی کی بات کرے تو مناسب ہوگا لیکن صرف عمران خان کی رہائی کی بات کرے تو یہ مناسب نہیں۔