اسلام ٹائمز۔ غزہ میں جنگ بندی کا آغاز ہوگیا، اسرائیل آج رہا ہونے والے 90 فلسطینی قیدیوں کی فہرست دے گا۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اپنی 3 قیدی خواتین کے بدلے رہا کیے جانے والے فلسطینی قیدیوں کی فہرست دے گا۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی قید سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق غزہ پر 15 ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 46 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ کی بستیاں ملیا میٹ ہوگئی ہیں۔ یہاں گھر، تعلیمی ادارے اور اسپتال کھنڈر بن چکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس بدترین اسرائیلی جارحیت کے دوران حماس کے رہنماء اسماعیل ہنیہ کو تہران، حسن نصراللّٰہ کو بیروت اور یحییٰ سنوار کو غزہ میں شہید کیا گیا۔