اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام شیخ العالم کالونی نوگام سرینگر میں یک روزہ "اتحاد اسلامی اور اصلاح معاشرہ" کے عنوان سے ایک پُروقار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں جموں و کشمیر کے جید علماء کرام، مفتیان عظام، دانشور حضرات اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں جن سرکردہ علماء اور دانشور حضرات نے مذکورہ موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان میں مولانا پیرزادہ محمد رحمت اللہ ناظم تبلیغ بزم توحید اہلحدیث جموں کشمیر، مفتی اعظم جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر مفتی محمد یعقوب بابا، ڈاکٹر امتیاز آفرین، شیخ فردوس علی چیئرمین رحمۃ اللعالمین فاؤنڈیشن، ڈاکٹر سید الرحمن شمس، مفتی غلام رسول سامون، میرواعظ شمالی کشمیر مولانا پرے حسن افضل فردوسی، حکیم عبدالرشید، نعت خواں غلام حسن غمگین، ماجد کرمانی اور کاروان کے دیگر ممبران و کارکنان نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کے سربراہ مفتی مدثر احمد قادری نے انجام دی۔ مقررین نے جموں و کشمیر کی سماجی اور معاشرتی صورتحال کے تناظر میں اس طرح کے اجلاس اور کانفرنس کشمیر کے ہر ضلع میں منعقد کرنے کی ضرورت کو حالات کا ناگزیر تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کشمیری سماج جس ابتر صورتحال سے دوچار ہے اور ایک طرف منشیات، نشہ آور چیزیں، شراب اور متعدد سماجی بیماریوں نے پورے سماج کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور دوسری طرف چند موقعہ پرست عناصر یہاں کی مسلکی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو زک پہنچانے کی مذموم کوششوں میں لگے ہیں۔ مقررین نے یک زبان ہوکر کہا کہ ان تمام برائیوں اور عوامل کے خلاف ہم سب کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تمام دینی، ملی اور سماجی تنظیموں کے سربراہوں اور ائمہ حضرات اور علماء کرام کو چاہیئے کہ وہ اپنی اپنی سطح پر سماج کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا تعاون دیں۔