اسلام ٹائمز۔ کراچی میں نویں محرم الحرام کا جلوس جمعہ کو نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل نشترپارک میں مجلس عزا سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ مجلس عزا کے آخر میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے شبیہِ پیغمبرؐ حضرت علی اکبرؑ کے پر درد مصائب بیان کئے اور یوں انتہائی رِقت و گِریہ، نوحہ و ماتمِ حسینؑ کے ساتھ یہ روحانی اور نورانی مجلسِ عزائے حسینؑ اپنے اختتام کو پہنچی، جس کے بعد جلوس عزا نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے مولانا محمد رئیسی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ بعد نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج منعقد کیا گیا۔ احتجاج میں علماء کرام و ذاکرین نے خطاب کیا جبکہ ہزاروں عزادار شریک رہے۔ اس موقع پر سوئیڈن میں قران کی بے حرمتی کے خلاف اسرائیل اور امریکہ کے پرچم نذر اتش کئے گئے۔