اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کراچی کی نمائش چورنگی پر یکم محرم تا آٹھ محرم احتجاجی علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے۔ احتجاجی کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر مسنگ پرسنز کے خانوادہ سمیت شہر کی اہم شخصیات شریک ہورہی ہیں۔ اس ہی مناسبت سے محرم الحرام کے چوتھے روز حجتہ السلام و المسلمین مولانا سید حیدر نقوی نے کیمپ کا دورہ کیا اور مسنگ پرسنز کے خانوادوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا سید روح اللہ رضوی اور مولانا سید حسن نقوی بھی موجود تھے۔ بعدازاں احتجاجی علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب مولانا اصغر حسین شہیدی نے کیا جبکہ اس موقع پر نوحہ خوانی کے فرائض دستہ امامیہ نے انجام دیئے۔