اسلام ٹائمز۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداران کے نام پیغام میں صدر خلیل احمد، سینئر نائب صدر منظور احمد اور جنرل سیکرٹری عبدالغنی کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زردای نے نذر بلوچ، جبار بلوچ، ابرار احمد، فضل تواب سمیت تمام امیدواروں کو مبارکباد دی، بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان میں یونین آف جرنلسٹس کی کامیابی جمہوری اور صحافتی جدوجہد کا تسلسل ہے، امید ہے کہ نومنتخب قیادت عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی جدوجہد میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔