اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت فریدہ، خبیب اور مزمل کے نام سے ہوئی ہے، جو بہادرآباد میں واقع ایک فلیٹ سے گرفتار کیے گئے۔ ملزمان سے 2500 یورو اور 50 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کی گئی، جبکہ ان کے قبضے سے چیک بکس، پرائز بانڈ، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر غیر ملکی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد ہوا۔ چھاپہ مار کارروائی ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر کی ہدایت پر خفیہ اطلاع کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ایف آئی اے حکام نے مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔