اسلام ٹائمز۔ جنوبی سوڈان میں طیارے کے حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سوڈانی حکام کے مطابق طیارے میں سوار 21 میں سے صرف ایک شخص بچ پایا، طیارہ تیل کمپنی کے عملے کو لے کر جا رہا تھا، جو گر کر تباہ ہوگیا۔ سوڈان کے پیٹرولیم حکام نے کہا کہ یہ طیارہ بدھ کی صبح یونٹی اسٹیٹ کے تیل کے کھیتوں کے قریب پرواز بھرنے کے تین منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے کا ہدف دارالحکومت جوبا پہنچنا تھا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 غیر ملکی شامل ہیں، جن میں دو چینی، ایک بھارتی اور دو یوگنڈا کے عملے کا رکن تھا، جبکہ باقی 15 افراد جنوبی سوڈان کے شہری تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سال 2021ء میں بھی ایک کارگو طیارہ جوبا کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں اقوامِ متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے لیے ایندھن لے جایا جا رہا تھا اور اس حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔