اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ نے بلوچستان کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی زمانے میں بلوچستان کے عوام ساحل اور وسائل کی بات کرتے تھے اب وسائل ہمارا برننگ ایشو نہیں رہا، اس وقت برننگ ایشو جان کا تحفظ ہے۔ لوگ اب پیٹ کی بات نہیں کرتے، سر بچانے کی فکر میں ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں لوگوں کا مطالبہ یہ ہوا کرتا تھا کہ ون یونٹ توڑ دو۔ اس وقت ون یونٹ کو توڑنے کی بات کرنے والوں کو غدار کہا گیا، مگر بعد میں ون یونٹ ٹوٹ گیا۔ پھر لوگوں نے کہا کہ صوبائی خود مختاری دی جائے، تب بھی کہا گیا کہ یہ غداری ہے۔ مگر پھر اٹھارہویں ترمیم آگئی، جس میں بلوچستان کو وہ کچھ بھی ملا جو یہاں کے لوگوں نے مانگا نہیں تھا۔ اس کے بعد ساحل اور وسائل کی بات آگئی۔ لوگوں نے کہا کہ ہمیں ساحل اور وسائل پر اختیار دیا جائے۔ اب تو حالت یہ ہے کہ نہ لوگ ون یونٹ کی بات کرتے ہیں، نہ صوبائی خودمختاری کی اور نہ ہی ساحل اور وسائل کی بات کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہمیں جان کا تحفظ دیا جائے۔