اسلام ٹائمز۔ یونان کشتی حادثےکی تحقیقات کے نتیجے میں ایف آئی اے کے 3 افسران سمیت 10 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایک انسپکٹر، 2 سب انسپکٹر، 2 ہیڈ کانسٹیبل اور 8 کانسٹیبل نوکری سے برخاست کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے نے 3 کانسٹیبلز کی ترقی روکنے کے احکامات بھی دیے ہیں۔ سزا پانے والے اہلکار فیصل آباد ائیرپورٹ پر تعینات تھے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اس سے قبل بھی 37 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کا کہنا ہے کہ غفلت اور لاپروائی برتنے والے اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں، ملوث اہلکاروں کیخلاف انضباطی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ محکمانہ احتساب کا مقصد ادارے کو کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہے، معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں، ادارے میں احتسابی عمل سے ہی انسانی اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہو گا، غفلت برتنے والے افسران کو قرار واقعی سزا دی جائےگی۔