اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اپنے تازہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں کی پاسداری پر زور دیتے ہیں۔ آج رہائی پانے والے اسرائیلی قیدیوں کے ناموں کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے حماس نے کہا کہ اس حوالے سے پیش آنے والی یہ تاخیر، زمینی و تکنیکی وجوہات کی بناء پر ہوئی ہے کیونکہ غاصب صہیونی رژیم کی جانب سے غزہ کی پٹی میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ قبل ازیں غاصب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی، جو آج صبح 8:30 بجے شروع ہونا تھی، اسرائیلی قیدیوں کے ناموں کی فہرست کی عدم فراہمی کی وجہ سے معطل کر دی گئی ہے اور جب تک اسرائیلی قیدیوں کے ناموں کی فہرست فراہم نہیں کی جاتی غزہ میں جنگ بندی نافذ نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے آخری مراحل کے دوران بھی غزہ کی پٹی پر مسلسل وحشیانہ بمباری میں مصروف ہے جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی وحشیانہ بمباری نے خود اسرائیلی قیدیوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق کر رکھے ہیں اور انہیں تبادلے کے لئے کسی بھی علاقے میں منتقل کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے جیسا کہ اسرائیلی قیدیوں کے ناموں کی فہرست کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ بھی یہی تھی۔