اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ جتنی باتیں پریس کانفرنس میں کی گئیں، ان میں سے سنگل بات بھی کمیٹی میں نہیں کی گئی، جوڈیشل کمیشن نہیں بنانا تو نہ بنائیں لیکن جوڈیشل کمیشن بنائیں گے تو بات آگے چلے گی۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آرمی چیف سے ہونے والی میٹنگ کے مندرجات کا بھی کچھ عرصہ میں پتا چل جائے گا، بیرسٹر گوہر ہی ملاقات کے بارے بہتر بتا سکتے ہیں، پشاور ملاقات میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تحریری مطالبات حکومتی کمیٹی نے میڈیا کو پہلے جاری کیے، حکومت ہمارا ڈرافٹ پڑھ کر صدمے میں چلی گئی، تحریری مطالبات میں ایسا کچھ نہیں تھا جسے حکومت بیانیہ بناتی۔ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہماری امیدیں اسی مذاکراتی عمل سے ہیں، بانی نے آج سماعت کے دوران میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ہم جی ڈی اے، جے یو آئی (ف) سے بھی بات کر رہے ہیں، یہ جوڈیشل کمیشن بنا نہیں سکے اور پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کے بعد مذاکرات کو ٹریک پر آنے میں وقت لگے گا، مطالبات پر حکومتی ردعمل سے حیران نہیں ہوں، جو حکومت ایک ملاقات نہیں کرا سکی ان سے کیا امید رکھی جاسکتی ہے۔؟