0
Thursday 16 Jan 2025 22:50

غزہ میں سیز فائر عظیم فتح ہے جو اہل غزہ کی استقامت کا نتیجہ ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس

غزہ میں سیز فائر عظیم فتح ہے جو اہل غزہ کی استقامت کا نتیجہ ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں سیز فائر ایک عظیم فتح کی علامت ہے جو اہل غزہ کی بے مثال قربانیوں، صبر، شجاعت، استقامت اور جرات کا نتیجہ ہے، یہ فلسطین کے مظلوم عوام کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف ان کی جدوجہد کسی بھی طاقت کو جھکانے کی صلاحیت رکھتی ہے، غزہ کے عوام نے بے پناہ مشکلات اور مصائب کے باوجود جس ہمت اور دلیری سے آزادی کی جنگ لڑی، وہ تاریخ کے سنہری ابواب میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہے گی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ سیز فائر نہ صرف فلسطینی عوام کی کامیابی ہے بلکہ پوری امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، اس عظیم کامیابی پر ان تمام رہنماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اس جدوجہد کی قیادت کی اور اسے کامیابی تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سید حسن نصر اللہ شہید، اسماعیل ہنیہ شہید، یحییٰ السنوار شہید اور صالح العروری شہید جیسے رہنما ان قربانیوں کے معمار ہیں جنہوں نے فلسطینی عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف جدوجہد میں ایک نئی روح پھونکی، اس کے ساتھ ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے خون سے آزادی کی تاریخ رقم کی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہداء کا خون اس راہ کی سب سے بڑی دلیل ہے کہ حق کی جیت یقینی ہے، چاہے دشمن کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، ہم اہل غزہ کو ان کی استقامت، بہادری اور قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے، اس عظیم کامیابی کے بعد یہ ضروری ہے کہ پوری امت مسلمہ اور عالمی برادری فلسطینی عوام کی مکمل آزادی اور حقوق کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کریں، یہ جنگ تو عارضی طور پر بند ہوچکی ہے لیکن فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی اور وہ دن دور نہیں جب یہ مظلوم قوم اپنی زمین پر مکمل آزادی اور خود مختاری کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 1184776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش