0
Thursday 16 Jan 2025 20:53

ہماری حکومت تمام خطوں کیساتھ یکساں سلوک روا رکھے گی، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

ہماری حکومت تمام خطوں کیساتھ یکساں سلوک روا رکھے گی، ڈاکٹر فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا کہ عوامی نمائندہ سرکار کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خود کی سرکار میں عوام کے ہی نمائدے ہوتے ہیں جو اپنے اپنے حلقہ انتخابات کے مسائل، مشکلات اور مطالبات سے حقیقی طور پر باخبر ہونے کیساتھ ساتھ عوامی کے لئے ہر وقت دستیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس 2018ء کے بعد یہاں کے عوام کو گورنر راج کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تھا، عوام کی کہیں نمائندگی نہ تھی اور نہ ہی سرکاری سطح پر عوام کیلئے دستیاب ہوتا تھا، تاناشاہی اور لال فیتہ شاہی کا دور دورہ تھا اور عوام مشکلات اور مصائب کی چکی میں پس رہے تھے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے صوبہ جموں کے رام نگر، بھدروار، کشتواڑ، ڈوڈہ، پونچھ اور راجوری سے آئے ہوئے عوامی وفود، پارٹی لیڈران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفود نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا، جو انہوں نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ اُٹھا کران کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفود سے کہا کہ آپ کی عوامی نمائندہ سرکاری عوام کی خدمت کرنے کی پابند ہے کیونکہ عوامی حمایت کی بنا پر نیشنل کانفرنس کی حکومت معرض وجود آئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت دن رات عوامی فلاح کے کاموں میں مصروف ہے اور اُمید ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی کے بعد حکومت زیادہ موثر طریقے سے عوام کو راحت پہنچا سکتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت تمام خطوں کیساتھ یکساں سلوک روا رکھے گی اور تمام خطوں کی تعمیر و ترقی کے کام مساوی بنیادوں پر ہوں گے۔ ہم نے عوام کو راحت پہنچانے کا وعدہ کیاہے اور ہماری حکومت اس سمت میں کام پر لگی ہوئی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ جموں کو اقتصادی بدحالی سے نکالنے کیساتھ ساتھ خطہ پیرپنچال اور خطہ چناب کی تعمیر و ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور انشاء اللہ جو الیکشن منشور ہم نے عوام کے سامنے انتخابات سے پہلے رکھا تھا اُس میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور اگلے 5 سال کیلئے ایک منظم لائحہ عمل ہے اور اس کی ایک ایک شق کو پورا کیا جائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں، پارٹی کی مضبوطی کی صورت میں ہی حکومت بھی مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنوں کو ہمیشہ عوام کیلئے دستیاب رہنے کی ہدایت کی اور مکمل تال میل بنانے رکھنے کی تاکید کی۔
خبر کا کوڈ : 1184750
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش