اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مولا علی علیہ السلام کی ذات گرامی اور سیرت و کردار عالم انسانیت کے لئے اسوہ حسنہ ہے، کیونکہ آپ (ع) کی سیرت و کردار ہو بہو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پاکیزہ کردار تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں سندڑی ریسٹورنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کا کردار آج بھی ظلم کے خلاف جدوجہد اور عدل و انصاف کے قیام کے لئے مشعل راہ ہے۔ دنیا کے حکمران ان کے طرز حکمرانی سے سیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح انصاف، مساوات اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کی زندگی کا ہر پہلو انسانیت کے لئے درس اور ہدایت ہے۔ ان کا پیغام ہر دور میں ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد اور حق و انصاف کی سربلندی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ (ع) کی ذات گرامی مجسم عدل و انصاف تھی۔ آپ (ع) کے دور حکومت میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں تھا، حتیٰ کہ آپ کے سگے بھائی عقیل بھی آپ کے عدل کا سامنا کرنے سے مستثنیٰ نہ تھے۔ مولا علی (ع) کی حکمت اور علم قرآن و سنت کے گہرے فہم پر مبنی تھی۔ آپ نے زندگی کے ہر شعبے میں ایسے اصول متعارف کروائے جو آج بھی انسانیت کی رہنمائی کرتے ہیں، اور آپ (ع) کے اقوال اور خطبات اخلاقیات، سیاست، قانون اور سماجی انصاف کے لئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔