اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے غیر قانونی ہڑتال اور اسپتالوں کی بندش میں ملوث ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور فارماسسٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اعلان کیا کہ ہڑتالی ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق 29 ڈاکٹروں اور فارماسسٹ کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ اسپتالوں کی زبردستی بندش میں ملوث ڈاکٹروں، فارماسسٹوں، اور پیرا میڈیکس کو ملازمت سے معطل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہڑتال میں شامل ڈاکٹروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کو خط لکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ صحت عامہ کی خدمات کی بندش تشویشناک اور قابل مذمت ہے اور اس طرح کے اقدامات عوام کو صحت کی سہولیات سے محروم کرنے کے مترادف ہیں۔ حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں رکاؤٹ ڈالنے والے کسی بھی عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔