0
Saturday 21 Sep 2024 19:57

اروند کیجریوال کی جگہ آتشی دہلی کی وزیراعلٰی بن گئی، پانچ وزراء کی حلف برداری

اروند کیجریوال کی جگہ آتشی دہلی کی وزیراعلٰی بن گئی، پانچ وزراء کی حلف برداری
اسلام ٹائمز۔ عام آدمی پارٹی کی خاتون لیڈر آتشی نے آج دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلٰی کے طور پر حلف لے لیا۔ اس دوران ان کے ساتھ پانچ وزراء نے بھی حلف اٹھایا ہے۔ حلف برداری کی یہ تقریب شام 4:30 بجے منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب لیفٹیننٹ گورنر سکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلٰی کے علاوہ دہلی میں وزراء کے چھ عہدے ہیں۔ لیکن فی الحال دہلی حکومت کی کابینہ میں صرف پانچ اراکین اسمبلی نے ہی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ اروند کیجریوال کے ساتھ وزارتی ذمہ داریاں سنبھالنے والے وزراء کے علاوہ سلطان پور ماجرا کے رکن اسمبلی مکیش اہلاوت کو نئی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ مکیش اہلوت کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے۔ ایس سی کوٹے کے ایم ایل اے شروع سے ہی دہلی حکومت کی کابینہ میں وزیر رہے ہیں۔ 2020ء میں جب اروند کیجریوال کی قیادت میں تیسری بار حکومت بنی تھی تو سیما پوری کے رکن اسمبلی راجندر پال گوتم کو کابینہ وزیر بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد پٹیل نگر کے ایم ایل اے راج کمار آنند کو کابینہ میں شامل کیا گیا۔ واضح رہے کہ منگل کو اروند کیجریوال نے اپنا اور اپنی کابینہ کا وزیراعلٰی کے عہدے سے استعفٰی لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو سونپ دیا تھا۔

اروند کیجریوال کی طرف سے پیش کیا گیا استعفٰی بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر نے صدر دروپدی مرمو کو بھیجا تھا۔ آتشی کو اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کا بھروسہ مند سمجھا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے کیجریوال کا جانشین بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔ عام آدمی پارٹی نے 2019ء کے پارلیمانی انتخابات میں مشرقی دہلی کی سیٹ سے آتشی کو میدان میں اتارا تھا۔ کانگریس لیڈر ارویندر سنگھ لولی اور کرکٹر سے سیاست دان بنے گوتم گمبھیر کے خلاف، جو بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے تھے۔ آتشی کو ایک مضبوط دعویدار کے طور پر دیکھا جاتا تھا، لیکن وہ گوتم گمبھیر سے الیکشن ہار گئیں۔ اس کے بعد آنے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے انہیں دوبارہ دہلی کے کالکاجی حلقہ سے اپنا امیدوار بنایا، فی الحال وہ کالکاجی سے رکن اسمبلی ہیں اور دہلی حکومت کی کابینہ میں سب سے موثر وزیر ہیں۔ پارٹی میں آتشی کے بڑھتے ہوئے سیاسی قد کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2020ء کے انتخابات کے بعد انہیں عام آدمی پارٹی کی گوا یونٹ کا انچارج بنایا گیا تھا اور اب وزیر اعلی اروند کیجریوال نے انہیں اپنے سب سے قابل اعتماد کمانڈر کی جگہ دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1161454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش