اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ الیکشن جنوری 2024ء میں ہوجائیں گے۔ جو بھی نگراں وزیراعظم ہوگا، وہ ہمارے اعتماد کا آدمی ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کل شام تک نگران وزیراعظم کا فیصلہ ہو جائے گا، اس وقت بہت لوگ نگران وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، لوگوں کو لگتا ہے کہ نگران سیٹ اپ لمبا چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کے علاوہ بھی کئی کیسز ہیں، ہوسکتا ہے کہ عمران خان کے خلاف نئے کیسز بھی سامنے آجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ستمبر تک پاکستان آجانا چاہیئے۔