اسلام ٹائمز۔ غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر نیتن یاہو کابینہ سے مستعفی ہونے والے اسرائیلی وزیر اندرونی سلامتی اتمار بن گویر نے اعتراف کیا ہے کہ حماس نے صیہونی رژیم پر جنگ بندی معاہدہ مسلط کر کے واضح فتح حاصل کر لی ہے۔ اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو انتہائی دائیں بازو کی انتہا پسند اقدار کو اہمیت دیتے ہوئے غزہ پر ایک مرتبہ پھر جنگ مسلط کرے، اتمار بن گویر نے اعلان کیا کہ جنگ بندی کے اس معاہدے سے حماس مکمل طور پر فتحیاب ہو گئی ہے۔ اپنے بیان میں انتہا پسند صیہونی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کا بھی برملا اعلان کرنا چاہیئے کہ ہم فلاڈیلفیا سے بھی عقب نشینی کر لیں گے!
واضح رہے کہ غاصب صیہونی وزیراعظم نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ ہم فلاڈیلفیا پر اپنا کنٹرول برقرار رکھیں گے اور وہاں ہماری فورسز میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔