اسلام ٹائمز۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شہر بہبہان میں واقع مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی گیس ریفائنری کا افتتاح کر دیا ہے۔ ایرانی صدر نے گیس ریفائنری کے افتتاح کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے "بید بلند خلیج فارس ریفائنری" کی تعمیر کو امریکی زیادہ سے زیادہ دباؤ کے مقابلے میں ایران کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور زیادہ سے زیادہ دباؤ کے بانی سابق امریکی صدر کی بیدخلی کے اگلے روز اس گیس ریفائنری کے افتتاح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم منصوبے کا افتتاح ایک ایسے دن کیا جا رہا ہے، جب ایران کو مجرمانہ کارروائیوں کے ذریعے شکست سے دوچار کر دینے کا دعویٰ کرنے والوں کو انتہائی رسوا اور بے عزت کرکے نکال باہر کر دیا گیا ہے۔ سال 2015ء سے تعمیر ہونے والی "خلیج فارس بید بلند گیس ریفائنری"، جس پر کل 3 ارب 400 کروڑ ڈالر کی لاگت آئی ہے، کا مقصد کروڈ آئل کے ساتھ خارج ہونے والی تیزابی گیسز کو جلا کر ضائع کرنے کے بجائے جمع کرکے پروسیس کرنا ہے۔
اس موقع پر بید بلند گیس ریفائنری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمود امین نژاد نے بتایا کہ یہ گیس ریفائنری اپنی نوعیت کی مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی گیس ریفائنری ہے، جس کے پہلے فیز میں مشرقی کارون کی گیس فیلڈز سے حاصل ہونے والی تیزاب گیسز کو اکٹھا کرکے روزانہ کی سطح پر 2 ارب کیوبک فٹ (5 کروڑ 70 لاکھ کیوبک میٹر) قابل استعمال گیس مہیا کی جائے گی۔ محمود امینی نژاد نے بتایا کہ اپنے دوسرے فیز میں یہ ریفائنری مغربی کارون میں پیدا ہونے والی گیسز کو اکٹھا کرے گی، جنہیں عام طور پر آئل فیلڈز پر نصب دیو ہیکل برنرز میں جلا دیا جاتا ہے، جس سے سالانہ 1 کروڑ 4 لاکھ میٹرک ٹن گھریلو و صنعتی استعمال کی میٹھی گیس (میتھین)، جنوبی ایران میں واقع پیٹروکیمیکل پلانٹس میں فیڈ کرنے کی خاطر 15 لاکھ میٹرک ٹن ایتھین اور برآمد ہونے والی 15 لاکھ ٹن بوٹین و پروپین گیس تیار کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ علاوہ ازیں تیل کے کنوؤں کی پیداوار بڑھانے کے لئے ان میں انجیکٹ کی جانے والی تیزاب گیس (Acid Gas) اور گیس کونڈینسیٹس (Gas Condensates) اس ریفائنری کی دوسری مصنوعات میں شامل ہیں۔