اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی قابضین کے ہاتھوں فلسطینیوں کے اپنے گھروں سے نکال باہر کر دیئے جانے کے تاریخی دن (یوم النکبہ) کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر غاصب صیہونی فوج نے فلسطینی قصبے کفرقدوم میں منعقد ہونے والے ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے پر ہلہ بول کر دسیوں روزہ دار پرامن احتجاجی مظاہرین کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا ہے۔ فلسطینی قصبے کفرقدوم میں یوم النکبۃ کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر احتجاج کرنے والے پرامن فلسطینی شہری اپنی سرزمینوں پر واپسی، ناجائز قبضے کے خاتمے اور مقبوضہ قدس شریف کے دارالحکومت کے ساتھ آزاد و خودمختار فلسطینی حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے گزشتہ روز بھی شہر نابلس کے غصب شدہ علاقے الساویہ میں نماز جمعہ ادا کرنے والے فلسطینی روزہ دار نمازیوں پر حملہ کر دیا تھا جس سے متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔