0
Saturday 2 Nov 2024 12:13

یوم آزادی گلگت بلتستان پر شاندار پریڈ (2)

اسلام ٹائمز۔ یوم آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر جی بی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک آرمی کے زیر اہتمام 77 واں جشن آزادی پریڈ گلگت بلتستان کا اہتمام کیا گیا جسے پی ٹی وی سمیت تمام نیشنل چنلیز پر براہ راست نشر کی گئی۔ یہ تاریخی تقریب ہیلی پیڈ گراؤنڈ سے براہ راست نشر کی گئی۔ جس کو عوام کی کثیر تعداد نے وہاب شہید گراؤنڈ اور لالک جان شہید گراؤنڈ سے بھی براہ راست دیکھا۔
 
شاندار تقریب کے مہمان خصوصی، کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز، گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ جی بی حاجی گلبر خان اور کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل امتیاز حسین گیلانی اور دیگر حکومتی اور سول اعلیٰ حکام نےشرکت کی۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر 10 کور نے کہا کہ گلگت بلتستان کی آزادی ہمار اثاثہ اور سرمایہ افتخار ہے اور اپنی نوعیت کا اکلوتا کارنامہ ہے جس کا تاج گلگت بلتستان کی غیور اور بہادر عوام نے یکم نومبر 1948ء کو خود پاکستان کے سر پر سجایا۔
 
انہوں نے کہا کہ یہ مملکت خدادِاد پاکستان سے آپ کی غیر مشروط، بے مثل اور والہانہ محبت کا مظہر ہے۔ آپ کے اس عمل نے ہمیشہ کے لیے دشمن کو یہ باور کروایا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور انشاءاللہ رہے گا۔ پریڈ کی تقریب سے چیف منسٹر گلگت بلتستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کو اپنے غازیوں اور شہداء پر فخر ہے جس کی قربانیوں کی وجہ سے ہم ایک آزاد ملک میں زندگی گزار ہے ہیں۔ پریڈ میں پاک فوج، این ایل آئی سینٹر، جی بی سکاوٹس، ویمن پولیس، جی بی پولیس، پنجاب رینجرز، کیڈٹ کالج سکردو اور کیڈٹ کالج چلاس کے دستوں نے حصہ لیا۔
 
ایس ایس جی کمانڈوز کی فری فال جیمپنگ اور پیرا گلائڈنگ اس شاندار تقریب کا حصہ رہی جس کو عوام میں بھرپور پذیرائی ملی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان بھر سے آئے ہوئے سکول و کالجز کے بچوں نے مختلف ملی نغمے اور علاقائی نغمے بھی پیش کئے اور عوام سے داد وصول کی۔ علاوہ ازیں جی بی کے مختلف اضلاع کے ثقافتی فلوٹ جس میں گلگت ڈویژن، بلتستان، استور ڈویژن، پاکستا ن، ہائی اچیورز کے فلوٹس بھی شامل تھے۔
 
اس تقریب میں پاک آرمی، ایس سی او، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر ثقافتی سٹالز بھی لگائے گئے۔پاک آرمی کی زیر نگرانی بلتستان، دیامر ، استور، گلگت بلتستان اور دیگر اضلاع میں بھی آزادی ِگلگت بلتستان کے سلسلےمیں تقریب کا انعقاد ہوا۔ واضح رہے پاک آرمی نے جشن آزادی کے سلسلے میں خصوصی نغمہ، ڈاکومینٹریز اور پبلک سروس میسجز بھی نشر کیے۔ لوگوں نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یکم نومبر کا دِن ایک تاریخی انداز اور شاندار طریقے سے منایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1170283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش