0
Friday 1 Nov 2024 18:09

گلگت، یوم آزادی کی تقریب

اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کا 77 واں یوم آزادی آج قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر عام تعطیل ہے اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مرکزی تقریب یادگار شہدائے چنارباغ میں ہوئی جس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیرِ اعلیٰ حاجی گلبر خان، میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام اور عمائدین نے بھی شرکت کی۔
 
اس موقع پر یادگارِ شہداء پر پھول رکھے گئے، جی بی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے عظیم قربانیاں دے کر اس خطے کو ڈوگرہ راج سے آزاد کروایا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ملک کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آرمی ہیلی پیڈ میں بھی یوم آزادی کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ 
 
یاد رہے کہ یکم نومبر 1947ء کو گلگت بلتستان نے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی، اور اس جدوجہد کا مقصد پاکستان کے ساتھ الحاق تھا۔ گلگت اسکاؤٹس اور مقامی جانبازوں نے مہاراجہ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے کنٹرول کا خاتمہ کیا، جس کے نتیجے میں پہلی بار پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1170141
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش