0
Sunday 11 Aug 2024 14:02

ملتان، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی

اسلام ٹائمز۔ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 32ویں برسی کی مناسبت سے جامعہ شہید مطہری میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس عزا سے صوبائی صدر مجلس علما مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب، ممبر متحدہ علمابورڈ پنجاب و پرنسپل جامعہ شہید مطہری ملتان علامہ قاضی نادر حسین علوی، چیئرمین ادارہ خودی پاکستان سید فضل عباس نقوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، اپنے اصول و نظریات پر استقامت اور اتحاد بین المسلمین ان کی شخصیت کے اہم اور نمایاں پہلو تھے، جن کی وجہ سے وہ بہت کم وقت میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک بہترین رہنما کے طور پر متعارف ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس دن علامہ عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کردیا گیا، اگرچہ علامہ حسینی کا حوالہ مذہبی تھا لیکن انہوں نے ایک نئی سوچ اور فکر دی اور نئی طرح ڈالی، انہوں نے مظلوموں اور محکوموں کے لئے آواز بلند کی اور اتحاد و وحدت کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔

علامہ قاضی نادر علوی نے مزید کہا کہ قائد شہید نے اپنی تمام زندگی عالمی استعمار کی سازشوں اور طاغوتی چیرہ دستیوں کے خلاف اور محروم و مظلوم طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد میں صرف کر دی اور بالخصوص پاکستان میں بیرونی سازشوں کا بروقت ادراک کرکے ان کے خلاف عملی جدوجہد کرنے کی طرح ڈالی، بیرونی سارشوں کے علاوہ پاکستانی عوام کو درپیش اندرونی سارشوں کو بے نقاب کرنے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے بھرپور کاوش بھی شہید حسینی کا خاصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد شہید نے مارشل لاء دور میں جہاں عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا، وہاں ہر مکتب کے عوام کو اتحاد و وحدت اور ہم آہنگی کا درس دیا اور عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے لیے خدمات انجام دے کر پاکستان کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرونے کی بھرپور کوشش کی، وحدت کے لیے عملی جدوجہد کا درس دیتے رہے، آج یقینا اتحاد و وحدت سے ان کی روح شادمان ہوگی۔ اس موقع پر جامعہ شہید مطہری میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی، شہید اسماعیل ہنیہ و شہدائے فلسطین و غزہ، شہدائے پاراچنار اور شہدائے پاکستان کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1153133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش