اسلام ٹائمز۔ پشاور کے شیعہ علمائے کرام اور تنظیمات کے رہنماوں کی جانب سے ضلع کرم میں فریقین کے درمیان لڑائی کو مذہبی رنگ دینے اور ریاستی اداروں کی خاموشی کے خلاف پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈویژنل صدر آئی ایس او پشاور ڈویژن حسن رضا، علامہ عابد حسین شاکری پرنسپل جامعہ شہید عارف الحسینی، علامہ نذید حسین پیش امام جامعہ مسجد حیات آباد پشاور، مولانا سید احمد حسین صدر مجلس علمائے اہلبیتؑ پاراچنار، مولانا جمیل حسین مدرس جامعہ شہید حسینی پشاور، سید اظہر علی شاہ سربراہ امامیہ کونسل پشاور نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ضلع کرم کے پرامن ماحول کو ایک منظم سازش کے تحت خراب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ریاستی اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔