اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان جامعہ کراچی یونٹ اور دفتر مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی کی جانب سے ’’کربلا آغاز مقاومت، امام حسینؑ امام مقاومت‘‘ کے عنوان سے سالانہ یوم حسینؑ پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) میں منعقد کیا گیا۔ یوم حسینؑ کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی، جبکہ اس موقع پر علامہ سید ناظر عباس تقوی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی و دیگر نے خطاب کیا، جبکہ مختلف نوحہ خواں حضرات نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ یوم حسینؑ میں طلبہ و طالبات سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر یوم حسینؑ میں فلسطین کی حمایت اور امریکا و اسرائیل کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا، جس میں شرکاء نے بڑی تعداد میں فلسطین کے پرچم بلند کرکے شعار بلند کئے۔ آخر میں مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا نے کلمات تشکر ادا کئے، جبکہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔