اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے زیر اہتمام سالانہ جشن عید غدیر فیملی فیسٹیول غازی چوک جعفرطیار سوسائٹی میں منعقد ہوا، جس میں نظامت کے فرائض صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی نے انجام دیئے، تلاوت حدیث کساء کی سعادت قاری وفا عباس نے حاصل کی۔ شاعر اہل بیتؑ کلیم اختر کلیم، معروف منقبت خواں اصغر عباس مہدی، موسیٰ رضوی، عمار عارف، حسن زیدی، حجت رضا زیدی، اکبر رضوی، الیاس زیدی، حسین زیدی، فرجان مہدی، ثمر سعید رضوی، قیصر عباس زیدی، ماسٹر محمد مہدی نے بارگاہ ولایت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ مولانا سید علی راحت زیدی اور خطیب اہل بیتؑ علامہ اوسجہ عاشور رضوی نے خصوصی خطاب کیا۔ جشن میں مختلف مذہبی، سماجی، سیاسی شخصیات، ملی تنظیمات کے وفود، ماتمی انجمنوں اور دستوں کے سالاران، مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز، علمائے کرام، ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنماؤں سمیت مومنین و مومنات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جشن کے دوران بچوں کی تفریح کیلئے جھولوں اور کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال کا اہتمام کیا گیا تھا، آخر میں حاضرین میں نیاز تقسیم کی گئی جبکہ معصوم بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔