اسلام ٹائمز۔ دارالحکومت تہران کے مختلف علاقوں سے نکلنے والی عالمی یوم القدس کی ریلیاں تہران یونیورسٹی پہنچ کر عظیم الشان اجتماع میں تبدیل ہوگئيں۔ تہران کے مختلف علاقوں سے نکالی جانے والی ریلیوں ميں خواتین، مرد، بچے اور سن رسیدہ، سبھی عمر اور طبقات کے لوگ شریک تھے۔ دارالحکومت تہران میں یوم القدس کی ریلیوں میں دسیوں لاکھ افراد نے شرکت کی، جن میں مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والے بھی موجود تھے۔ صدر سید ابراہیم رئیسی سمیت بڑی تعداد میں اعلی حکام اور عہدیدار بھی ریلیوں ميں شریک تھے۔ تہران میں عالمی یوم القدس ک ریلیوں کے موقع پر، دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں شہید ہونے والے شہیدوں کی تشیع جنازہ بھی عمل میں آئی۔ اسی طرح مشہد المقدس، قم المقدس، شیراز، تبریز، اصفہان، کرمان سمیت تمام بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد مرگ بر امریکہ، مرگ بر اسرائیل کے نعروں کیساتھ ریلیاں منعقد ہوئیں۔