متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایران سے باہمی تجارت کے خواہاں ہیں، اس ضمن میں ایرانی سرمایہ کاروں کی آمد خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤ س میں خراسان کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خراسان کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں جو میری دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ تشریف لائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، اس ضمن میں ایس آئی ایف سی معاشی ترقی کی ضمانت ہے، ایس آئی ایف سی منصوبہ کے ذریعہ ایرانی تاجروں کو محفوظ سرمایہ کاری کا ماحول اور ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہم ایران سے دوستانہ مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان طاقتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر اور فیڈریشن کے ساتھ مل کر وفد لے کر ایران جائیں گے۔
گورنر خراسان ڈاکٹر غلام حسین مظفری نے کہا کہ گورنر سندھ کی دعوت پر گورنر ہاؤس آیا ہوں، ان سے ملاقات میں اقتصادی امور پرتبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سرمایہ کاری کے خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کو ایران آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی سفارتی مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، دونوں ممالک باہمی تعلقات سے محفوظ سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔